ریو دی جنیریو،6اگست؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ٹینس اسٹار لینڈر پیس نے ان خبروں کو غیر حقیقی قرار دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے اولمپک کھیل گاؤں میں اپنے ڈبلز ساتھی روہن بوپنا کے ساتھ ایک کمرے میں رہنے سے انکار کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ریو آمد کا ان کا وقت پہلے سے طے تھا اورہندوستانی ٹینس ٹیم اس سے آگاہ تھی۔مرد ڈبلز کے ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کی قیاس آرائیاں چل رہی تھی اور رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پیس نے کھیل گاؤں میں بوپنا کے ساتھ ایک کمرے میں رہنے سے انکار کر دیا ہے۔یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ پیس کے دیر سے پہنچنے کی وجہ سے ان دونوں کوپریکٹس کا کم موقع ملا اور بوپنا کو دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کرنا پڑا لیکن اپنے مسلسل ساتویں اولمپکس میں کھیل رہے پیس نے ان رپورٹس کوبے بنیاد اور غیر حقیقی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ان کے یہاں پہنچنے کے وقت اور کھیل گاؤں میں رکنا پہلے سے طے تھا اور ٹیم کو اس کے بارے میں معلومات تھی۔اس 43سالہ اسٹار نے ٹویٹ کیا کہ میڈیا کے ایک طبقے میں بے بنیاد رپورٹ سے میں مایوس اور دکھی ہوں جس مجھ پر الزام لگایا گیا تھا کہ میں نے ریو پہنچنے کے اپنے پروگرام سے ٹینس ٹیم کو مطلع نہیں کیا تھا۔پیس نے لکھا کہ اس کے علاوہ یہ بھی بحث ہے کہ میں نے ڈبلزکے اپنے ساتھی روہن بوپنا کے ساتھ کمرے میں رہنے سے انکار کر دیا ہے جو کہ غیر حقیقی ہے اور مقابلہ کے لئے ہماری تیاریوں کو غیر مستحکم کرنے کے ارادے سے پھیلائی گئی ہے،میں منصوبہ بندی کے مطابق کھیل گاؤں میں ہی رہ رہا ہوں۔